واشنگٹن( شو بز ڈیسک) امریکی گلوکارہ ایلا لینگلی نے امریکی شہر ٹلسا میں عین وقت پر اپنا کنسرٹ منسوخ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 27 سالہ گلوکارہ نے جمعہ 9 اکتوبر کو کنسرٹ منسوخ کرنے کی وجہ سنگین سیکیورٹی خطرے کو قرار دیا۔ایلا لینگلی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ مداحوں، مقام کے عملے اور اپنی ٹیم کی حفاظت سے متعلق سنگین خطرے کے پیش نظر کنسرٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو بھی خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتیں اور انہیں احساس ہے کہ مداح کسی شو میں شرکت کے لیے کتنا وقت، سفر اور پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ گلوکارہ نے کنسرٹ میں شرکت کی تیاری کرنے والے تمام افراد سے معذرت بھی کی۔ بعد ازاں انتظامیہ نے ٹکٹ خریدنے والے مداحوں سے معافی مانگ لی۔دوسری جانب مقامی پولیس کے مطابق وینیو کی انتظامیہ کو کنسرٹ منسوخ کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی تھی اور غالباً یہ فیصلہ گلوکارہ کی ٹیم نے کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح حکام کو ایک فون کال موصول ہوئی تھی، جس میں کنسرٹ کے دوران نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ دھمکی آمیز کال کے بعد کنسرٹ سے قبل مقام کی تلاشی لی گئی، دو مرتبہ جانچ پڑتال کی گئی اور مزید سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔پولیس کے مطابق کنسرٹ کے مقام پر کوئی خطرہ موجود نہیں تھا اور دھمکی آمیز کال جھوٹی تھی، جس کا مقصد افراتفری پھیلانا تھا۔