نئی دہلی( شوبزڈیسک) بھارتی مواد تخلیق کار اپوروا مکھیجا، جو ’ریبل کڈ‘ کے نام سے معروف ہیں، نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تعلیم کے سلسلے میں بھارت چھوڑ کر نیویارک منتقل ہوگئی ہیں۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپوروا مکھیجا نے بتایا کہ نیویارک میں تعلیم حاصل کرنا ان کا دیرینہ خواب تھا۔ شہر کی تیز رفتار زندگی، فیشن، کھانے اور فنِ تعمیر نے انہیں ہمیشہ متاثر کیا، اسی لیے انہوں نے وہاں ایک تعلیمی ادارے میں داخلے کے لیے درخواست دی، جو منظور ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ وہ نیویارک میں ایم بی اے کی تعلیم حاصل کریں گی اور ہاسٹل میں رہ کر دوبارہ طالب علمی کی زندگی کا تجربہ کریں گی۔اپوروا مکھیجا نے کہا کہ بھارت میں دوستوں، پیشہ ورانہ مصروفیات اور مانوس ماحول سے دوری کے باعث وہ اس نئی زندگی کے آغاز پر کچھ پریشان بھی ہیں، تاہم بیرونِ ملک منتقل ہونے کا ایک مقصد نئے لوگوں سے ملنا اور اپنے سماجی حلقے کو مزید وسیع کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا سابقہ ’جھگڑالو عورت‘ والا انداز اب ختم ہوچکا ہے اور وہ سوشل میڈیا صارفین کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے مواد تیار کرتی ہیں۔اپوروا کے مطابق وہ اب نیویارک سے اپنی مرضی کا مواد تخلیق کریں گی اور ممکن ہے کہ پہلے کی طرح باقاعدگی سے واقعات پر مبنی ویڈیوز نہ بنائیں۔