چنئی( شوبز ڈیسک) معروف بھارتی موسیقار اے آر رحمان کے بیٹے اور پلے بیک گلوکار اے آر امین چنئی میں کار حادثے کا شکار ہوگئے، حادثے میں امین اور ان کے دوست سمیت ٹیکسی میں سوار ایک مسافر کو معمولی چوٹیں آئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ پیر کی رات تقریباً ساڑھے 3 بجے گنڈی کے علاقے میں اولمپیا ٹیک پارک کے قریب پیش آیا۔ اے آر امین اپنے دوست کے ہمراہ گاڑی میں گنڈی کی جانب جا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی ایک ٹیکسی ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔حادثے کے بعد اے آر امین اور ان کے دوست کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد دونوں کو ڈسچارج کردیا گیا اور وہ گھر واپس چلے گئے۔ٹیکسی میں سوار مسافر کو بھی معمولی چوٹیں آئیں، جسے اسپتال منتقل کیا گیا اور طبی امداد کے بعد اسے بھی گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔