کراچی ( شو بز ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار علی عظمت نے فنکاروں میں پائی جانے والی عدم تحفظ کی کیفیت پر گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ فنکار اکثر اپنے کام اور صلاحیتوں کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار رہتے ہیں اور انہیں عوامی ردِعمل کی فکر لاحق رہتی ہے۔علی عظمت نے حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے فنکاروں کی پیشہ ورانہ زندگی اور انہیں درپیش ذہنی دباؤ کے بارے میں کھل کر اظہارِ خیال کیا۔گلوکار کا کہنا تھا کہ فنکار واقعی عدم تحفظ کا شکار رہتے ہیں۔ وہ اکثر اپنے کام سے پوری طرح مطمئن نہیں ہوتے اور مسلسل اس سوچ میں رہتے ہیں کہ ان کی تخلیقی کاوشوں کو عوام کس نظر سے دیکھیں گے اور ان پر کیا ردِعمل ظاہر کریں گے۔علی عظمت نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود بھی اس وقت اپنے کام کے حوالے سے مطمئن اور پُراعتماد محسوس کرتے ہیں جب انہیں عوام کی جانب سے اچھا ردِعمل ملتا ہے۔ ان کے مطابق سامعین اور مداحوں کی پذیرائی فنکار کے اعتماد میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اداکار بھی مختلف کرداروں میں ڈھلتے رہتے ہیں، جس سے انہیں کسی حد تک ذہنی اطمینان حاصل ہوتا ہے۔علی عظمت کی گفتگو سے یہ پہلو سامنے آیا کہ فنکاروں کی کامیابی اور مقبولیت کے باوجود ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں غیر یقینی اور دوسروں کے ردِعمل سے وابستہ توقعات اہم کردار ادا کرتی ہیں۔