کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے نوجوان نسل میں مہنگے برانڈز کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا خاندان آج بھی لنڈا بازار سے کپڑے خریدتا ہے اور وہ خود بھی وہاں سے خریداری کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتیں۔اسماء عباس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے مہنگے برانڈز کی نمائش کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ نئی نسل اب چیزوں کو ان کے نام کے بجائے برانڈز سے پہچاننے لگی ہے۔ لوگ یہ بتانے کے بجائے کہ ان کے پاس کون سا بیگ ہے، اس برانڈ کا نام بتاتے ہیں جس کا وہ بیگ ہے۔ ان کے مطابق اس رویے سے اندازہ ہوتا ہے کہ معاشرے میں برانڈز کے نام کس قدر اہمیت اختیار کرچکے ہیں۔اسماء عباس نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اب جرابوں پر بھی نائیکی جیسے برانڈ کا نام نمایاں ہونا ضروری سمجھا جاتا ہے تاکہ دوسروں کو معلوم ہوسکے کہ وہ کس کمپنی کی ہیں۔ ان کے خیال میں اس رجحان نے خریداری اور چیزوں کے انتخاب کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنا دیا ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کی اپنی عادات آج بھی پہلے جیسی ہیں اور وہ اتوار بازار سے خریداری کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کی تربیت بھی اسی سوچ کے تحت کی کہ لباس یا کسی دوسری چیز کی اہمیت اس کے مہنگے برانڈ میں نہیں بلکہ اس کے معیار اور پسند میں ہوتی ہے۔اسماء عباس نے مزید کہا کہ اگر انہیں لنڈا بازار میں کوئی چیز پسند آجائے تو وہ اسے خریدنے میں بالکل ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتیں۔
لنڈا بازار سے خریداری میں ہچکچاہٹ نہیں ہوتی، برانڈز کی دوڑ پر اسماء عباس کی تنقید
واپس خبروں پر
Category:
تفریح