ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکارہ جیسمین بھاسن نے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں رنگت اور ظاہری شکل پر تنقید کے باعث وہ احساسِ کمتری کا شکار ہوگئی تھیں اور اپنی خوبصورتی کے لیے مندر میں دعائیں مانگا کرتی تھیں۔حال ہی میں جے مدان کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیسمین بھاسن نے بتایا کہ بچپن میں انہیں اکثر رنگت کی وجہ سے ’کالی‘ کہا جاتا تھا، جبکہ جلد پر کیل مہاسوں اور دبلی پتلی جسامت کے باعث بھی انہیں مختلف باتیں سننا پڑتی تھیں۔ ان رویوں سے وہ دلبرداشتہ رہتی تھیں۔اداکارہ نے بتایا کہ بچپن میں ان کے والد انہیں راجستھان میں واقع بیجاسن ماتا مندر لے گئے تھے۔ وہاں انہوں نے کئی سیڑھیاں چڑھ کر خصوصی دعا کی کہ خدا انہیں اتنا خوبصورت بنا دے کہ ایک دن لوگ ان سے ملنے کی خواہش کریں۔جیسمین بھاسن کے مطابق وہ اکثر صرف یہی دعا کرنے مندر جایا کرتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ بہت معصوم بچی تھیں اور اپنی دعا پر انہیں پورا یقین تھا کہ ان کی خواہش ضرور پوری ہوگی۔پوڈکاسٹ کے دوران اداکارہ نے مذہبی رواداری کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ وہ تمام مذاہب پر یقین رکھتی ہیں اور سب کا احترام کرتی ہیں۔
بچپن میں ’کالی‘ کہنے پر دلبرداشتہ ہوتی تھی، خوبصورتی کیلئے مندر میں دعائیں مانگتی رہی: جیسمین بھاسن
واپس خبروں پر
Category:
تفریح