آستانہ (شوبز ڈیسک) قازقستان میں آستانہ اے آئی فلم فیسٹیول 2026ء منعقد ہوا، جسے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی جانے والی فلموں کا دنیا کا سب سے بڑا بین الاقوامی مقابلہ قرار دیا گیا ہے۔قازق خبر رساں ادارے کے مطابق فیسٹیول کیلئے 125 ممالک سے مجموعی طور پر 8 ہزار 67 فلمیں جمع کرائی گئیں۔ فلموں کی تعداد کے اعتبار سے امریکا 1 ہزار 395 فلموں کے ساتھ پہلے جبکہ قازقستان 829 فلموں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔بھارت سے 702، چین سے 550 اور جنوبی کوریا سے 349 فلمیں فیسٹیول کیلئے موصول ہوئیں۔فیسٹیول کے شریک بانی اور بورڈ کے چیئرمین الماس ژالی نے کہا کہ چند ماہ قبل شروع کیے گئے اس بین الاقوامی مقابلے کو 125 ممالک سے 8 ہزار سے زائد فلمیں موصول ہونا اہم پیش رفت ہے۔شریک بانی اور تخلیقی ڈائریکٹر عزت اللّٰہ حسین کے مطابق تخلیقی ویڈیو ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی کے دوران فیسٹیول کا تصور دسمبر 2025ء میں آستانہ میں پیش کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فلموں کی تعداد اور 20 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت سمیت مختلف پیمانوں کے اعتبار سے آستانہ اے آئی فلم فیسٹیول دنیا کا سب سے بڑا مصنوعی ذہانت فلمی میلہ بن چکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمع کرائی گئی فلموں میں سے تقریباً 40 فیصد، یعنی 3 ہزار 138 فلموں میں فیسٹیول کے مرکزی موضوع ’مستقبل قابلِ رہائش‘ کو اجاگر کیا گیا۔ ان تمام فلموں کا مجموعی دورانیہ ایک لاکھ منٹ سے زیادہ ہے، جبکہ انہیں 4 ہزار 756 فلم سازوں نے 80 سے زائد تخلیقی مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی مدد سے تیار کیا۔فیسٹیول کیلئے مجموعی طور پر 10 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، جس میں 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر مرکزی موضوعاتی پروگرام اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر 5 کھلی کیٹیگریز کیلئے رکھے گئے ہیں۔