کراچی ( کامرس ڈیسک)عالمی سیاسی کشیدگی، امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ، مشرقِ وسطیٰ کی غیر یقینی صورتحال اور ملکی معاشی دباؤ کے باعث پاکستان میں کاروباری اعتماد میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے تازہ بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی منفی زون میں چلا گیا ہے اور اس میں مقامی کاروباری برادری کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے گراوٹ آئی ہے۔ستمبر اور اکتوبر 2026 کے دوران ملک گیر سطح پر کیے گئے اس سروے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ مجموعی کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد گزشتہ سروے کے مثبت 13 فیصد سے گر کر منفی 23 فیصد پر آ گیا ہے۔ دوسری جانب غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اس سے بھی شدید کمی دیکھی گئی، جہاں او آئی سی سی آئی کے ارکان کا بزنس کانفیڈنس 55 فیصد پوائنٹس کی بھاری گراوٹ کے ساتھ مثبت 28 فیصد سے کم ہو کر منفی 27 فیصد ہو گیا۔ سروے رپورٹ کے مطابق یہ نتائج ملکی کاروباری ماحول کی حقیقی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ اس میں چھوٹے بڑے شہروں کے مینوفیکچرنگ، خدمات اور ریٹیل شعبوں سے وابستہ ان اداروں کی آرا شامل ہیں جو پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں تقریباً 80 فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔سروے میں کاروباری اعتماد میں کمی کی بنیادی وجوہات توانائی اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، ہوشربا مہنگائی، کاروباری اخراجات میں اضافے، سیکیورٹی خدشات، عالمی سیاسی کشیدگی اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا گیا ہے۔ اگرچہ ملکی معیشت کے بعض میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری کے آثار نظر آئے ہیں، تاہم یہ پیش رفت زمینی سطح پر کاروباری ماحول اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 84 فیصد شرکا نے مہنگائی اور 81 فیصد نے بھاری ٹیکسوں کو کاروباری ترقی کی راہ میں دو سب سے بڑی رکاوٹیں قرار دیا۔شعبہ جاتی اعداد و شمار کے مطابق ریٹیل اور ہول سیل کے شعبے میں کاروباری اعتماد سب سے زیادہ 45 فیصد پوائنٹس گر کر مثبت 20 فیصد سے منفی 25 فیصد پر آ گیا۔ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں اعتماد 34 فیصد پوائنٹس کی کمی سے منفی 25 فیصد جبکہ خدمات کے شعبے میں 31 فیصد پوائنٹس کم ہو کر منفی 17 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا، جس سے تینوں اہم معاشی شعبے منفی دائرے میں داخل ہو گئے ہیں۔ اسی طرح نئی سرمایہ کاری سے متعلق اعتماد مثبت 2 فیصد سے کم ہو کر منفی 14 فیصد اور روزگار کی فراہمی سے متعلق توقعات 23 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد منفی 6 فیصد پر آ گئیں، جبکہ کاروباری توسیع کی توقعات 27 فیصد پوائنٹس گر کر محض 3 فیصد رہ گئی ہیں۔سروے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ملک میں کاروباری حالات کو منفی قرار دینے والے اداروں کا تناسب 47 فیصد سے بڑھ کر 78 فیصد ہو گیا ہے۔ آئندہ چھ ماہ میں صورتحال مزید ابتر ہونے کا خدشہ ظاہر کرنے والے اداروں کی شرح بھی 34 فیصد سے بڑھ کر 44 فیصد تک جا پہنچی ہے، جبکہ حالات میں بہتری کی امید رکھنے والے اداروں کا تناسب مئی 2026 کے 47 فیصد کے مقابلے میں سکڑ کر محض 23 فیصد رہ گیا ہے۔سروے کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے او آئی سی سی آئی کے صدر عمر احسن خان نے کہا کہ یہ اعداد و شمار پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم انتباہ ہیں کیونکہ پاکستان اس وقت نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں شدید کمی اس امر کو اجاگر کرتی ہے کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل بنیادی اور ڈھانچہ جاتی مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ نئی سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مستحکم حکومتی پالیسیاں، مسابقتی ٹیکس نظام، سستی و قابلِ اعتماد توانائی اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔او آئی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل ایم عبدالعلیم نے چیمبر کے ارکان کے اعتماد میں نمایاں گراوٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں موجود مختلف چیلنجز کے باوجود روایتی طور پر مثبت سوچ رکھتے آئے ہیں اور ماضی میں ان کا اعتماد مقامی کاروباری برادری سے بہتر رہا ہے، تاہم اس رجحان کا الٹ جانا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کاروں کی اس مایوسی کو محض عالمی غیر یقینی صورتحال کے کھاتے میں نہیں ڈالا جا سکتا بلکہ یہ ملکی کاروباری ماحول کی کمزوریوں کی بھی نشاندہی کرتی ہے، جن کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات ضروری ہیں۔ چیمبر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کاروباری ماحول کی بہتری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھے گا۔