دوشنبے( مانیٹرنگ ڈیسک)تاجکستان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دورۂ دوشنبے کے روز عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ تاجک حکومت کے مطابق روم معاہدے سے دستبرداری اور عدالت کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ 20 نومبر 2026 کو عین اسی روز نافذ العمل ہوا جس دن روسی صدر تاجکستان کے سرکاری دورے پر پہنچے۔واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے 2023 میں یوکرینی بچوں کی مبینہ غیر قانونی ملک بدری کے الزام میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے، جس کے تحت آئی سی سی کے تمام رکن ممالک روسی صدر کی اپنی سرزمین پر آمد کی صورت میں انہیں گرفتار کرنے کے قانونی پابند ہیں۔ تاجکستان، جو ماسکو کا قریبی سیاسی و عسکری اتحادی تصور کیا جاتا ہے، نے اس قانونی رکاوٹ کو ختم کرنے کے لیے معاہدے سے علیحدگی کا راستہ اختیار کیا۔دوسری جانب عالمی فوجداری عدالت نے تاجکستان کے اس اقدام پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی رکن ملک کی جانب سے اس طرح علیحدگی اختیار کرنے سے عالمی سطح پر انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور احتساب کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔