حیدرآباد(سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر محمد سراج کو بھارتی ٹیم کی پلیئنگ الیون سے باہر رکھنے کے فیصلے پر جاری قیاس آرائیوں اور بحث کے دوران کپتان شبھمن گل نے وضاحت پیش کر دی ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شبھمن گل نے کہا کہ محمد سراج جیسے بولر کو حتمی اسکواڈ سے باہر رکھنا ان کے لیے بھی ایک کٹھن فیصلہ تھا، تاہم کھلاڑیوں کا انتخاب خالصتاً ان کی حالیہ کارکردگی، موجودہ فارم اور ٹیم کی حکمتِ عملی کی ضرورت کے تحت عمل میں لایا گیا۔گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ محمد سراج ان کے گہرے دوست ہیں اور دونوں طویل عرصے سے ایک ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میچ کے آغاز سے قبل انہوں نے خود سراج سے تفصیلی گفتگو کر کے انہیں ٹیم مینجمنٹ کے فیصلے اور اس کے محرکات سے آگاہ کر دیا تھا، جسے سراج نے نہایت مثبت انداز میں تسلیم کیا۔شبھمن گل نے مزید کہا کہ ہر کرکٹر کے پیشہ ورانہ سفر میں ایسا دور آتا ہے جب وہ اپنی مثالی فارم میں نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ محمد سراج ایک اعلیٰ پائے کے بولر ہیں اور وہ جلد ہی اس مشکل مرحلے سے نکل کر بھرپور انداز میں میدان میں واپسی کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں محمد سراج کی عدم شمولیت، بھارتی کپتان شبھمن گل نے خاموشی توڑ دی
واپس خبروں پر
Category:
کھیل