کراچی ( کامرس ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے نظام کو الگ کرنے کے فیصلے پر کاروباری و صنعتی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ صنعتکاروں نے اس مجوزہ اقدام کو کاروباری اداروں کے لیے اضافی مالی بوجھ اور انتظامی الجھنوں کا باعث قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں تاجر برادری ٹیکس نیٹ سے مزید دور ہو سکتی ہے۔اس حوالے سے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے ایف بی آر کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس اصلاحات کے نام پر تاجروں اور صنعتکاروں کو مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگوانا کسی طور درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس محصولات میں اضافہ کرنا حکومت کا جائز حق ہے، تاہم اس عمل میں کاروباری آسانیوں اور سہولتوں کو یکسر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ نئے نظام کے تحت اب کاروباری افراد کو ایک ہی نوعیت کے ٹیکس معاملات نمٹانے کے لیے الگ الگ دفاتر سے رجوع کرنا پڑے گا، جس سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہوگا بلکہ کاروباری اخراجات میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ٹیکس نظام کی اس تقسیم کا سب سے زیادہ منفی اثر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) پر پڑے گا، جو پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔