لاہور ( سپورٹس ڈیسک)رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز اور بھارت اے کے درمیان کھیلے گئے اہم مقابلے کے دوران بھارتی نوجوان بیٹر ویبھو سوریاونشی ایک غیر معمولی اور متنازع واقعے کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔میچ کے دوران 15 سالہ بھارتی بیٹر اوور کے اختتام پر چلتے ہوئے اچانک فیلڈ امپائر سے ٹکرا گئے۔ بظاہر جان بوجھ کر ماری گئی اس ٹکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویبھو سوریاونشی وکٹ کے قریب کپتان تلک ورما سے مختصر گفتگو کے بعد دوسری جانب بڑھتے ہیں، اور اسی اثناء میں اچانک رخ موڑ کر امپائر کی جانب آتے ہیں جو اس وقت پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کو ختم کروانے کی کوشش کر رہے تھے۔سوریاونشی عین اسی لمحے امپائر سے جا ٹکراتے ہیں، جس کے نتیجے میں امپائر کے ہاتھ میں موجود بھارتی بولر کی ٹوپی اور چشمہ زمین پر گر جاتا ہے، تاہم نوجوان بیٹر فوری طور پر دونوں چیزیں اٹھا کر امپائر کے حوالے کر دیتے ہیں۔ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد کرکٹ شائقین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے؛ بعض صارفین اسے نوجوان بیٹر کی جانب سے جان بوجھ کر کی گئی غیر ذمہ دارانہ حرکت قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ مداحوں کے مطابق یہ محض ایک غیر ارادی تصادم تھا۔