اسلام آباد (پاکستان خبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حالیہ سیاسی بیان بازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کابینہ کے تمام اراکین کو باہمی اختلافات عوامی سطح پر لانے اور سیاسی بیان بازی سے مکمل گریز کرنے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہباز شریف نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور حکومت معاشی استحکام کے بعد اب پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح اور سفارتی محاذ پر بھی متعدد نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں ہدایت کی کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات باہمی افہام و تفہیم اور اتفاقِ رائے سے طے ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے نہ صرف منفی تاثر پیدا ہوتا ہے بلکہ اس سے حکومت کے تعمیر و ترقی کے ایجنڈے سے بھی توجہ ہٹتی ہے۔شہباز شریف نے کابینہ اراکین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزرا اچھا کام کر رہے ہیں لہٰذا ان کی مکمل توجہ صرف عوامی خدمت اور ملکی ترقی پر ہی رہنی چاہیے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی تلقین کی کہ وہ ایسی غیر ضروری بیان بازی سے اجتناب کریں اور مثبت مکالمے کو فروغ دیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہونا چاہیے کیونکہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔