لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے سری لنکا کے نامور آل راؤنڈر کمندو مینڈس کو ڈائریکٹ سائن کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑی کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے کے عوض اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ڈائریکٹ سائننگ کا باضابطہ اعلان لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے منفرد انداز میں کیا، جسے شائقینِ کرکٹ اور سوشل میڈیا پر خاصا سراہا جا رہا ہے۔اس موقع پر اپنے بیان میں کمندو مینڈس نے کہا کہ قلندرز فیملی کا حصہ بننا ان کے لیے انتہائی خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک شاندار موقع ہے اور وہ ٹیم کے ہمراہ وقت گزارنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔سری لنکن کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ وہ جلد میدان میں اترنے، لاہور قلندرز کے پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے اور مداحوں کو جیت اور خوشی کے متعدد لمحات فراہم کرنے کے بے حد منتظر ہیں۔دوسری جانب لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے کہا کہ کمندو مینڈس اسکواڈ کے لیے ایک بہترین اضافہ ثابت ہوں گے۔ ان کے بقول کمندو ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں، جن کی شمولیت سے ٹیم کے مڈل آرڈر کو غیر معمولی استحکام اور مضبوطی ملے گی۔