صنعا( مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کے ساحلی صوبے حدیدہ میں سعودی قیادت میں اتحادی افواج کے شدید فضائی حملوں کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے، جبکہ بمباری سے متعدد سرکاری و نجی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔حوثی باغیوں کی وزارتِ ٹیلی مواصلات کے ترجمان نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فضائی کارروائی میں اہم ٹیلی مواصلاتی مراکز کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث انتظامی عمارتیں، ملازمین کی رہائش گاہیں اور ایک مسجد سمیت کئی مقامات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق بمباری سے مواصلاتی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث علاقے میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز بری طرح معطل ہو گئیں، جس سے ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر امریکی وزارتِ خارجہ نے ایک تازہ سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے بحرین میں مقیم اور وہاں سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو دوبارہ ہدایت کی ہے کہ وہ انتہائی محتاط اور چوکس رہیں۔ امریکی وزارتِ خارجہ کے بیان میں شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ سیکیورٹی خطرات، پروازوں کی اچانک منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔