اسلام آباد (پاکستان خبر) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کی سیاسی جدوجہد اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف اور بانی تحریک انصاف عمران خان نے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے، لیکن اس کے باوجود وہ رانا ثناء اللہ کو توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے لکھا کہ رانا ثناء اللہ ایک مستند اور انتہائی محترم سیاسی کارکن ہیں، اور سیاست میں ایک مخلص سیاسی ورکر کا مقام سیاسی رہنما سے بھی کہیں بلند اور محترم ہوتا ہے۔خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ نے ہر دور میں وقت کے فرعونوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جبکہ پرویز مشرف اور عمران خان کے ادوار میں ان پر بے پناہ مظالم ڈھائے گئے مگر ان کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکا۔ وزیر دفاع کے مطابق رانا ثناء اللہ کی سیاسی بصیرت اور جماعت کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہے۔بیان کے اختتام پر وفاقی وزیر دفاع نے رانا ثناء اللہ کے لیے دلی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پنجابی زبان میں دعا دی کہ "رانا جی ہسدے رہو تے وسدے رہو، آمین"۔