تل ابیب ( مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 19 ہزار 600 سے زائد اسرائیلی فوجی اور سیکیورٹی اہلکار شدید ذہنی و نفسیاتی امراض میں مبتلا ہو کر علاج کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کر چکے ہیں، جس کے باعث اسرائیل کے دفاعی اور طبی نظام پر غیر معمولی دباؤ بڑھ گیا ہے۔اسرائیلی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے لے کر اب تک 31 ہزار 500 سے زائد زخمی فوجیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے وزارت کے محکمہ بحالی سے رجوع کیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ علاج کے لیے آنے والے ان اہلکاروں میں سے تقریباً 62 فیصد یعنی 19 ہزار 600 سے زائد افراد مختلف نفسیاتی عوارض سے دوچار ہیں۔اعداد و شمار کی تفصیلات کے مطابق متاثرہ اہلکاروں میں سے 10 ہزار 100 افراد محض نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں، جبکہ 9 ہزار 400 فوجی ایسے ہیں جو جنگ کے دوران لگنے والے جسمانی زخموں کے ساتھ ساتھ شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی پیچیدگیوں کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں میں پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (پی ٹی ایس ڈی)، شدید اضطراب، ڈپریشن اور جنگ کے بعد عام شہری زندگی میں دوبارہ خود کو ڈھالنے کی مشکلات عام ہیں۔اسرائیلی وزارتِ دفاع نے اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے بعد فوجیوں کی بحالی اور ذہنی صحت کے علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ دفاعی و نفسیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ طویل جنگی کارروائیوں اور محاذ پر مسلسل تعیناتی کے یہ نفسیاتی اثرات آنے والے برسوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔