اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت نے ملکی اداروں میں کرپشن کے خطرات سے متعلق قومی جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز) کرپشن کے اعتبار سے ملک کے سرفہرست ادارے قرار پائے ہیں، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) دوسرے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) تیسرے نمبر پر ہے۔سرکاری دستاویزات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قومی جائزہ رپورٹ میں مجموعی طور پر 56 ادارہ جاتی ٹائپالوجیز، 10 کراس کٹنگ گورننس ٹائپالوجیز اور 18 ریگولیٹری ٹائپالوجیز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک کا کوئی بھی سرکاری ادارہ "ویری ہائی" یا "ایکسٹریملی ہائی رسک" بینڈ میں شامل نہیں ہوا، تاہم واحد بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز) 61.1 اسکور کے ساتھ "ہائی رسک" بینڈ میں جگہ بنانے والے سب سے زیادہ متاثرہ ادارے قرار پائے ہیں۔جائزہ رپورٹ میں مرتب کی گئی سب سے زیادہ کرپشن رسک کے حامل 10 سرکاری اداروں کی فہرست کے مطابق ڈسکوز کے بعد ایف بی آر 54.4 اسکور کے ساتھ دوسرے اور سی ڈی اے 49.5 اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ اسی طرح پاکستان زرعی ذخیرہ و خدمات کارپوریشن (پاسکو) 47.1 اسکور کے ساتھ چوتھے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) 43.4 اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اس فہرست میں پاکستان ریلوے 41.1 اسکور کے ساتھ چھٹے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) 40.1 اسکور کے ساتھ ساتویں اور پاکستان پوسٹ 39.9 اسکور کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہا۔ مزید برآں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) 39.3 کے یکساں اسکور کے ساتھ بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر درج کیے گئے ہیں۔