لاہور (پاکستان خبر)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں واقع قیام گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ انہیں اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے اطراف سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کر کے ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے آج لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرنا تھی۔دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کو مبینہ طور پر گھر میں نظربند کرنے کے اقدام کے خلاف ان کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ جے یو آئی کے کارکن ابرار حسین ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس نے غیر قانونی طور پر مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کی ناکہ بندی کر کے ان کی نقل و حرکت محدود کر دی ہے، لہٰذا عدالت عالیہ فوری طور پر ان کی بازیابی کا حکم صادر کرے۔ادھر سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے صورتحال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن نے آل پارٹیز سیمینار کا انعقاد کر کے مختلف سیاسی قائدین سمیت انہیں بھی اظہارِ خیال کی دعوت دی تھی، مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند کر کے ناکے لگا دیے گئے ہیں اور ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں شرکت سے روکا جا رہا ہے۔