واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کے روز شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم (نیٹو) کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے ایک انتہائی اہم ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں منعقد ہوگی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ پیش رفت ایسے نازک سفارتی وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ گزشتہ ہفتے ہی ایشیا میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقاتیں کر چکے ہیں، جس پر یورپی دارالحکومتوں میں گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق پام بیچ میں ہونے والی اس ملاقات میں نیٹو اتحاد کے مستقبل، رکن ممالک کے دفاعی اخراجات، روس یوکرین جنگ کے خاتمے اور یورپی ممالک کے ساتھ امریکی تعلقات جیسے کلیدی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے یورپی ممالک کا پرزور مطالبہ ہے کہ یوکرین تنازع کے حل کے لیے امریکا کی قیادت میں ہونے والے کسی بھی امن مذاکرات میں یورپ کو بھی براہِ راست شریک کیا جائے۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملاقات اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کہ صدر ٹرمپ ماضی میں نیٹو کے رکن ممالک کی جانب سے ناکافی دفاعی بجٹ اور امریکی مالی و عسکری انحصار پر کڑی تنقید کرتے رہے ہیں، جبکہ سیکریٹری جنرل مارک روٹے اتحاد کی یکجہتی برقرار رکھنے اور امریکا و یورپی اتحادیوں کے مابین پائے جانے والے اختلافات کو کم کرنے کے لیے مسلسل سرگرم ہیں۔