لاہور( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے کہا ہے کہ آف سیزن میں لگائے جانے والے کیمپس کھلاڑیوں کی بہتری اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ بہتر تیاری کی کوشش کرتے ہیں تاکہ میدان میں اچھی کارکردگی دکھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ کی کارکردگی کو الگ الگ دیکھا جانا چاہیے، اگر کسی ایک فارمیٹ میں پرفارمنس توقع کے مطابق نہ ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ دوسرے فارمیٹ میں بھی کارکردگی خراب ہوگی۔قومی بیٹر نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ٹیم کے لیے ان کا کوئی بہت برا دور گزرا، انہوں نے ہمیشہ اچھا کرنے کی کوشش کی ہے اور یہی ان کا مقصد رہا ہے۔صائم ایوب کا کہنا تھا کہ دباؤ ہمیشہ موجود رہتا ہے، چاہے کھلاڑی پرفارم کرے یا نہ کرے، تاہم اچھی کارکردگی کے لیے مثبت دباؤ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ انہیں آل راؤنڈر کہیں یا کسی اور کردار سے پکاریں، وہ ٹیم کی ضرورت اور اپنے مقررہ کردار کے مطابق کھیلنے پر توجہ دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیمپ دیر سے جوائن کیا کیونکہ ان کا بحالی کا عمل جاری تھا، تاہم وہ اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ کیمپ کی کچھ سرگرمیاں ان سے رہ گئی تھیں۔صائم ایوب نے کہا کہ وہ مقابلے کے بارے میں نہیں سوچتے بلکہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیتے ہیں۔ کرکٹ کا شیڈول بڑھ گیا ہے اور اب کھلاڑیوں کو خود اپنے بوجھ کو بہتر انداز میں سنبھالنا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینئر کھلاڑیوں نے ہمیشہ چھوٹے بھائی کی طرح ان کی رہنمائی کی ہے۔قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ اصل برا وقت وہ ہوتا ہے جب کھلاڑی کے پاس سہولیات موجود نہ ہوں، جبکہ انہیں تمام سہولیات حاصل ہیں اور وہ ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔