ممبئی( شوبز ڈیسک) معروف بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما اور اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر کے درمیان 90 کی دہائی میں تعلقات کی خبریں سامنے آتی رہی تھیں، تاہم اب ایک سینئر صحافی کے نئے دعوے نے دونوں کو ایک بار پھر خبروں کا موضوع بنا دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر صحافی جیوتی وینکٹیش نے دعویٰ کیا ہے کہ رام گوپال ورما اور ارمیلا ماتونڈکر نے مبینہ طور پر اپنے تعلقات کے دوران خفیہ شادی کی تھی۔ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جیوتی وینکٹیش نے کہا کہ انہیں اس بارے میں معلومات اداکار چرنجیوی سے اس وقت ملیں جب وہ فلم ’’جینٹل مین‘‘ کے سیٹ پر ان سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔صحافی کے مطابق چرنجیوی نے ان سے سوال کیا کہ اگر وہ بطور صحافی ہر موضوع پر لکھتے ہیں تو پھر رام گوپال ورما اور ارمیلا کی شادی کے بارے میں کیوں نہیں لکھا۔ جیوتی وینکٹیش کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس دعوے کے ثبوت کے بارے میں دریافت کیا تو انہیں بتایا گیا کہ یہ شادی آندھرا پردیش کے ایک مندر میں ہوئی تھی، جہاں موجود پجاری سے بھی رابطہ فراہم کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ خبر شائع کرنے سے پہلے انہوں نے تصدیق کے لیے ارمیلا ماتونڈکر سے رابطہ کیا، تاہم ان کے مطابق اداکارہ جذباتی ہوگئیں اور خبر شائع کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ صحافی نے کہا کہ انہوں نے رام گوپال ورما سے بھی مؤقف لینے کی کوشش کی، لیکن فلم ساز نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔جیوتی وینکٹیش نے مبینہ طور پر دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجہ بھی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ارمیلا قانونی طور پر شادی کرنا چاہتی تھیں، جبکہ رام گوپال ورما اس وقت اس فیصلے کے لیے تیار نہیں تھے، جس کے باعث ان کے تعلقات ختم ہوگئے۔رام گوپال ورما اور ارمیلا ماتونڈکر نے متعدد مشہور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں ’’رنگیلا‘‘، ’’دوڑ‘‘، ’’ستیا‘‘ اور ’’پیار تو نے کیا‘‘ شامل ہیں۔
رام گوپال ورما اور ارمیلا کی خفیہ شادی کا دعویٰ، پرانے تعلقات پھر خبروں میں آگئے
واپس خبروں پر
Category:
تفریح