لزبن (سپورٹس ڈیسک) پرتگال کے نامور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے ناراض ہو کر چلے جانے پر پابندی کا سامنا ہے۔ پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے ضابطوں کے تحت ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔رپورٹس کے مطابق کوچ جارج جیسز کے ساتھ کھیلنے کے وقت پر اختلافات کے بعد رونالڈو نے قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا تھا۔ اس معاملے میں ان پر ایک سے چھ ماہ تک پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ تادیبی کونسل کرے گی۔اگر پابندی کی مدت ایک ماہ سے زیادہ ہوئی تو رونالڈو اگلے ماہ ڈنمارک اور ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ تاہم امریکی نشریاتی ادارے ای ایس پی این کی رپورٹ کے مطابق مختصر مدت کی پابندی کا امکان زیادہ ہے۔رونالڈو نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ تربیتی کیمپ چھوڑنا ان کی غلطی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ کوچ کی جانب سے کیے گئے وعدے سے انحراف نے انہیں مایوس کیا، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے عمل کے نتائج سامنے آنے چاہییں اور قوانین کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔کوچ جارج جیسز نے کہا کہ انہوں نے رونالڈو کا بیان پڑھ لیا ہے اور اب ان کی توجہ ٹیم کے معاملات پر مرکوز ہے۔کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے اب تک 234 میچ کھیل کر ریکارڈ 146 گول کر چکے ہیں۔