کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکار دانش تیمور کو نئے ڈرامے میں بھی اسی نوعیت کا کردار نبھانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ڈرامے میں دانش تیمور شاہ داؤد جبکہ انمول بلوچ بریرہ اعجاز کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ شاہ داؤد کو بااثر اور طاقتور شخص دکھایا گیا ہے جو اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کا عادی ہے، جبکہ بریرہ اس کے دباؤ کو قبول کرنے سے انکار کرتی ہے۔حالیہ اقساط میں شاہ داؤد کے جارحانہ اور قابو رکھنے والے رویے کے بعد ناظرین نے کہانی پر اعتراض اٹھایا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں دولت مند، طاقتور اور غصے میں رہنے والے ہیرو کا کردار بار بار دہرایا جارہا ہے۔متعدد صارفین نے دانش تیمور سے مختلف نوعیت کے کردار آزمانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ڈراموں میں بااثر، غصیلے اور حد سے زیادہ ملکیتی مزاج رکھنے والے کرداروں میں نظر آچکے ہیں۔