ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے وزیر سبودھ انیال نے گلوکار دلیر مہندی کے ساتھ حالیہ تلخ کلامی پر معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک انٹرویو میں سبودھ انیال نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، اس لیے گلوکار سے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے دلیر مہندی سے معافی مانگی ہے تو انہوں نے اس کی واضح تردید کی۔وزیر نے ان خبروں پر بھی ناراضی کا اظہار کیا جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے گلوکار سے معذرت کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دلیر مہندی کی طبیعت خراب تھی تو انہیں یا تو اپنی پرفارمنس منسوخ کردینی چاہیے تھی یا پہلے ہی منتظمین اور شائقین کو اپنی حالت سے آگاہ کردینا چاہیے تھا۔