کراچی (شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ صاحبہ ریمبو نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری کے حوالے سے اپنے بیٹے احسن افضل خان کو دی گئی نصیحت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں بطور مہمان گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنے بیٹے کے کیریئر اور اس میں اقربا پروری کے ممکنہ کردار پر بات کی۔صاحبہ نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے سے کہہ چکی ہیں کہ شوبز انڈسٹری میں چاہے وہ کتنی ہی بڑی کامیابی کیوں نہ حاصل کرلے، لوگ اس کی کامیابی کو ہمیشہ اس کے والدین سے جوڑیں گے۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بیٹے کے کیریئر کے لیے کراچی منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق فلمی دنیا میں نمایاں مقام رکھنے کے باوجود ٹیلی وژن ڈراموں کی صنعت میں جگہ بنانے کے لیے انہیں اب بھی محنت کرنا پڑ رہی ہے۔صاحبہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پروڈیوسرز کے ساتھ ان کی اتنی قریبی شناسائی نہیں کہ کام حاصل کرنا آسان ہو، اسی لیے ڈراموں کی دنیا میں قدم جمانے کے لیے انہیں خود بھی مسلسل کوششیں کرنا پڑ رہی ہیں۔