ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرکے پاکستانی مداحوں کے دل جیت لیے۔ایک بین الاقوامی کنسرٹ میں دلجیت دوسانجھ نے ہزاروں شائقین کے سامنے نصرت فتح علی خان کا معروف کلام ’’سانسوں کی مالا‘‘ پیش کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔پرفارمنس کے دوران بڑی تعداد میں موجود شائقین بھی دلجیت کے ساتھ جھومتے اور کلام سے محظوظ ہوتے نظر آئے۔سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین نے گلوکار کے اس اقدام کو بھرپور سراہا۔ متعدد صارفین نے اسے سرحدوں سے بالاتر موسیقی اور محبت کی خوبصورت مثال قرار دیا۔واضح رہے کہ استاد نصرت فتح علی خان کو دنیا کے عظیم ترین قوال اور صوفی موسیقی کے نمایاں فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، جبکہ ان کے انتقال کو تقریباً تین دہائیاں گزرنے کے باوجود ان کا فن آج بھی نئی نسل میں مقبول ہے۔