ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے نئے گانے ’ڈیول‘ کی میوزک ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی، جس میں احتجاج، پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ویڈیو میں بڑی تعداد میں افراد کو احتجاج کرتے اور پلے کارڈز اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے، جن پر ’اپنا مستقبل بچاؤ‘ اور ’ہمارا مستقبل، ہماری لڑائی‘ جیسے پیغامات درج ہیں۔اگرچہ دلجیت دوسانجھ نے گانے یا ویڈیو میں کسی مخصوص احتجاج یا تنظیم کا نام نہیں لیا، تاہم بعض ناظرین نے ان مناظر کو جولائی میں ہونے والے طلبہ احتجاج سے منسلک قرار دیا ہے۔ویڈیو میں دلجیت کو مظاہرین کے ہجوم کے درمیان کھڑے دکھایا گیا ہے۔ اسی دوران پولیس اور احتجاج کرنے والوں کے درمیان حالات کشیدہ ہوتے ہیں اور جھڑپوں کے مناظر بھی سامنے آتے ہیں۔ویڈیو کے اختتامی حصے میں ایک کم عمر لڑکی ہاتھ میں سفید گلاب لیے ایک پولیس اہلکار کی طرف بڑھتی ہے۔ پولیس اہلکار بھی آگے آکر بچی کو گلے لگا لیتا ہے۔ویڈیو کے آخر میں ’گھر پر ایسا کرنے کی کوشش نہ کریں‘ کا پیغام دکھایا گیا، جس کے بعد ’میں ایک فنکار ہوں بھائی‘ کے الفاظ سامنے آتے ہیں۔احتجاجی مناظر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی کہ آیا دلجیت دوسانجھ کی اس ویڈیو کا تعلق حالیہ طلبہ احتجاج سے ہے یا یہ محض ایک تخلیقی پیشکش ہے۔