نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آبادکاروں اور انتہا پسند عناصر کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات مذہبی تقدس کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکیہ اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیے پر اتفاق کیا، جس میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آبادکاروں کی اشتعال انگیز سرگرمیوں اور اسرائیلی انتہا پسند وزرا و گروہوں کے اقدامات کو ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسی کارروائیوں سے خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ مسجد اقصیٰ کی تاریخی، قانونی اور مذہبی حیثیت کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہیے اور اس میں کسی بھی قسم کی یکطرفہ تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی۔مشترکہ اعلامیے میں مسجد اقصیٰ کے انتظامی اور مذہبی امور میں اردن کے محکمہ اوقاف کے خصوصی اختیار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ اس حیثیت کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اعلامیے میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت سے روکنے کا سلسلہ ختم کیا جائے، مذہبی آزادی کا احترام کیا جائے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے میں مزید کشیدگی اور تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔
آٹھ مسلم ممالک کا مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اقدامات پر اظہارِ تشویش
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں