لندن (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ سے باہر ہوگئے۔بٹلر کو جمعرات کو ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے کے دوران رن لینے کی کوشش میں بائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف ہوئی تھی۔ انجری کے باوجود انہوں نے مزید دو گیندوں کا سامنا کیا، تاہم بعد میں ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔بٹلر نے دوسرے ون ڈے میں 69 رنز بنائے جو گزشتہ تین سال کے دوران ون ڈے کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا، تاہم انگلینڈ کو میچ میں 16 رنز سے شکست ہوئی۔اوول میں اتوار کو ہونے والے فیصلہ کن میچ میں بٹلر کی جگہ جارڈن کاکس کے وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کا امکان ہے، جبکہ ڈین لارنس کو اضافی متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔انگلینڈ کو فی الحال بٹلر کی انجری کی شدت کا علم نہیں، آئندہ ہفتے ایم آر آئی اسکین کے بعد مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔ڈین لارنس کو پاکستان کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کے بعد طلب کیا گیا ہے۔ وہ رواں سیزن میں سرے کی جانب سے اپنی چھٹی فرسٹ کلاس سنچری بھی بنا چکے ہیں۔