کوئٹہ( شوبزڈیسک) کبھی ٹی وی اور اسٹیج پر اپنی اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مسکان ملک آج شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کوئٹہ کی سڑکوں پر دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کر رہی ہیں۔مسکان ملک نے اپنی موجودہ صورتحال کے بارے میں بتایا کہ بے روزگاری، شوہر کی بیماری اور بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات نے انہیں سڑک کنارے کام کرنے پر مجبور کردیا ہے، تاہم انہوں نے اب بھی فن سے اپنا تعلق برقرار رکھا ہوا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ حالات نے انہیں سڑک پر دودھ فروخت کرنے پر مجبور کیا، لیکن انہیں امید ہے کہ انہیں دوبارہ اداکاری کا موقع ملے گا اور وہ ایک بار پھر شوبز کی دنیا میں واپس آئیں گی۔مسکان ملک کے مطابق وہ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہیں اور بجلی، گیس، پانی کے ٹینکر، علاج معالجے اور دیگر ضروری اخراجات پورے کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات صرف بجلی اور گیس سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے ماہانہ بل 20 سے 25 ہزار روپے تک پہنچ جاتے ہیں، جس کے باعث گھریلو اخراجات کا بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے۔اداکارہ نے عزم ظاہر کیا کہ مشکلات کے باوجود وہ ہمت نہیں ہاریں گی اور حالات بہتر ہونے پر دوبارہ اپنی فنی سرگرمیاں شروع کرنے کی کوشش کریں گی۔