اسلام آباد( ویب ڈیسک) وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی اور میٹا نے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کیلئے مشترکہ سمال بزنس گروتھ اکیڈمی شروع کردی۔وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی کے مطابق پروگرام کیلئے آن لائن اندراج شروع ہوچکا ہے، جبکہ تربیتی نشستیں ستمبر 2026ء سے منعقد ہوں گی۔ ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو مفت ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جائے گی، جس میں جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کے آلات کا استعمال سکھایا جائے گا۔پروگرام میں خواتین کی زیرِ نگرانی کاروباری اداروں اور صنعت کاروں کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ شرکا کو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کاروبار کے ذریعے صارفین تک رسائی بڑھانے اور آن لائن کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی تربیت بھی دی جائے گی۔وزارت کے مطابق خواہشمند کاروباری افراد سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کیلئے آن لائن اندراج کراسکتے ہیں۔