لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ غنا علی رضا کی جانب سے اپنی عمر بتائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔اداکارہ نے حالیہ انسٹاگرام ویڈیو میں بتایا کہ ان کی عمر 31 سال ہے اور وہ دو بچوں کی والدہ ہیں، تاہم کئی مداح ان کے اس دعوے پر حیرت کا اظہار کرتے نظر آئے۔غنا علی رضا کا شمار پاکستان کی معروف ٹی وی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ ڈراموں میں منفی کرداروں کو اپنی شاندار اداکاری سے یادگار بنانے کے باعث خاص پہچان رکھتی ہیں۔اداکارہ کے انسٹاگرام پر 12 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔ انہوں نے جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل سنگدل سے شہرت حاصل کی، جبکہ کئی دیگر ڈراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔غنا علی اداکاری کے ساتھ ساتھ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی فعال رہتی ہیں اور اپنی ازدواجی زندگی، بچوں اور روزمرہ معمولات سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں۔حال ہی میں ایک ویڈیو میں انہوں نے اپنی عمر کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ جب لوگ پوچھتے ہیں کہ تفریح کے لیے کیا کرتی ہوں تو میرا جواب ہے کہ میں 31 سال کی ہوں، دو بچوں کی ماں ہوں، اور میرے مشاغل میں خاموشی سے وقت گزارنا، کافی پینا، دوستوں کو ویڈیوز بھیجنا، گھر میں دلچسپ حرکتیں کرنا اور منصوبے منسوخ ہونے پر خوش ہونا شامل ہے۔غنا علی کی عمر کے انکشاف کے بعد کئی صارفین نے تبصروں میں حیرت کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ وہ صرف 31 برس کی کیسے ہو سکتی ہیں۔