لاہور( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نوجوان کرکٹر معاذ صداقت کو پاکستان ٹیم کی شرٹ پہنے دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک خوبصورت سفر کا آغاز قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے کل کی بات ہو، جب ایک لڑکا پشاور میں ان کے گھر ان سے ملنے آیا تھا۔ وہ نوجوان ان کے بھائی ہارون کے ساتھ آیا تھا اور پاکستان کی نمائندگی کرنا اس کا خواب تھا۔محمد رضوان کے مطابق اس نوجوان، معاذ صداقت، کی آنکھوں میں امیدیں اور دل میں عزم تھا۔ انہیں آج اسی لڑکے کو پاکستان ٹیم کی شرٹ پہنے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاذ صداقت کے خوبصورت سفر کی ابتدا ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شرٹ پہننے کا خواب ہو یا زندگی میں کوئی اور منزل حاصل کرنا مقصود ہو، محنت، صبر اور اللہ پر یقین برقرار رکھنا چاہیے۔محمد رضوان نے صاحبزادہ فرحان اور قومی ٹیم کو ہوم سیریز جیتنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور اپنے پیغام کا اختتام ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے سے کیا۔واضح رہے کہ معاذ صداقت نے گزشتہ روز 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔