کراچی ( شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور فلم ساز حریم فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کو ابتدا ہی میں پہچان لیا تھا اور انہیں شوبز انڈسٹری میں آگے بڑھنے کا پہلا موقع فراہم کیا۔ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے حریم فاروق سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے ہانیہ عامر کو شوبز میں متعارف کرایا تھا؟ اس پر اداکارہ نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہانیہ کو متعارف کرانے کا سہرا انہی کے سر ہے۔حریم فاروق کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ پہلی مرتبہ کسی فلم کی پروڈیوسر بنی ہیں، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ابتدا ہی سے اندازہ تھا کہ ہانیہ مستقبل میں ترقی کریں گی اور کامیابی کی بلندیوں تک پہنچیں گی۔واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے 2016 میں کامیڈی فلم ’’جاناں‘‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت وہ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھیں۔ حریم فاروق اس فلم کی شریک پروڈیوسر تھیں اور انہوں نے اس میں مختصر کردار بھی ادا کیا تھا۔ہانیہ عامر کالج کے زمانے میں اپنی ڈب میش ویڈیوز کے باعث بھی خاصی شہرت حاصل کرچکی تھیں۔ فلم ’’جاناں‘‘ میں اداکاری پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کے لیے لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی۔بعد ازاں ہانیہ عامر نے ’’نامعلوم افراد 2‘‘، ’’پھر وہی محبت‘‘ اور ’’پرواز ہے جنون‘‘ سمیت متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ڈرامہ سیریل ’’میرے ہمسفر‘‘ میں فرحان سعید کے ساتھ ان کی اداکاری کو بھی ناظرین کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔ہانیہ عامر 2025 میں بھارتی پنجابی کامیڈی فلم ’’سردار جی 3‘‘ میں بھی نظر آئیں۔