ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار پریا درشن نے فلم ’ہیرا پھیری 3‘ کے مستقبل کے حوالے سے مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اس فلم کی تکمیل مشکل نظر آتی ہے۔69 سالہ فلم ساز نے 2000ء میں ریلیز ہونے والی مقبول کامیڈی فلم ’ہیرا پھیری‘ کی ہدایت کاری کی تھی، تاہم اب وہ اس کے تیسرے حصے سے الگ ہو چکے ہیں۔بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پریا درشن نے فلم کی تیاری میں حائل مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں اتنے مسائل ہیں کہ ان پر بات کرنے کے لیے کئی ابواب درکار ہوں گے۔ہدایت کار کے مطابق انہیں اب یہ بھی امید نہیں کہ ’ہیرا پھیری 3‘ کبھی بن پائے گی۔اس سے قبل رواں سال جولائی میں بھی پریا درشن واضح کر چکے تھے کہ وہ فی الحال اس فلم کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے قانونی تنازعات اور ذاتی اختلافات کو منصوبے کی راہ میں بڑی رکاوٹیں قرار دیا تھا۔پریا درشن نے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کے ساتھ اپنے کشیدہ تعلقات کو بھی فلم سے علیحدگی کی اہم وجہ بتایا۔ ان کے حالیہ بیان کے بعد اس مقبول کامیڈی سیریز کے مداحوں میں فلم کی تیاری اور ریلیز کے حوالے سے بے یقینی مزید بڑھ گئی ہے۔واضح رہے کہ ’ہیرا پھیری‘ اور اس کے سیکوئل ’پھر ہیرا پھیری‘ میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ دونوں فلموں کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔
’ہیرا پھیری 3‘ کی ریلیز پر سوالیہ نشان، پریا درشن نے مداحوں کو مایوس کردیا
واپس خبروں پر
Category:
تفریح