ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف بچے کی پیدائش کے بعد اپنی ظاہری شکل پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں کے باعث ایک بار پھر خبروں میں ہیں، جبکہ اداکار ریتک روشن نے ان کے دفاع میں شیئر کی گئی پوسٹ کو پسند کرکے حمایت کا اظہار کیا ہے۔کترینہ کیف 14 ستمبر کو اپنے شوہر و اداکار وکی کوشل کے ہمراہ امبانی خاندان کی جانب سے منعقدہ گنیش چترتھی کی تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بعض صارفین نے ان کے وزن اور حلیے پر تبصرے کیے اور موجودہ تصاویر کا ماضی کی تصاویر سے موازنہ کیا۔اس ردعمل کے بعد انسٹاگرام اکاؤنٹ ’سٹوری سیلر کامکس‘ چلانے والے ہرش ویر جین نے کترینہ کی حمایت میں دو سلائیڈز پر مشتمل پوسٹ شیئر کی۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد وزن بڑھنے کی بنیاد پر کسی خاتون کو ختم قرار دینا مناسب نہیں۔پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کترینہ ایک ماں ہونے کے ساتھ کامیاب کاروبار بھی چلا رہی ہیں اور اپنی ذاتی و پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ ان کے مطابق کسی کے وزن پر سوشل میڈیا پر تبصرہ شاید متعلقہ شخص پر اثر نہ ڈالے، لیکن اس طرح کی گفتگو دیگر خواتین کو ضرور متاثر کرسکتی ہے۔کترینہ کے ساتھ ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ اور ’بینگ بینگ‘ میں کام کرنے والے ریتک روشن نے مذکورہ پوسٹ کو لائک کیا، تاہم انہوں نے کوئی تبصرہ یا براہ راست بیان جاری نہیں کیا۔کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں نومبر 2025 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس کے بعد متعدد صارفین نے اداکارہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد جسم میں تبدیلی ایک فطری عمل ہے اور اس بنیاد پر کسی خاتون کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔کترینہ کیف کی آخری فلم ’میری کرسمس‘ تھی، جو 2024 میں ریلیز ہوئی، جس میں انہوں نے وجے سیتھوپتی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔