کراچی ( شو بز ڈیسک) پاکستانی فلمی اداکار معمر رانا نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ ان کا ازدواجی رشتہ ختم نہ ہو اور خاندان میں صلح کی کوئی صورت نکل آئے۔ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے معمر رانا نے انکشاف کیا کہ اہلیہ سے علیحدگی کا معاملہ عدالت تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے عدالت میں بعض دستاویزات پر دستخط کیے تھے، تاہم انہیں معلوم نہیں کہ وہ کون سے کاغذات تھے۔انٹرویو کے دوران جب اداکار سے پوچھا گیا کہ زندگی کے مشکل حالات میں کن رشتوں نے ان کا ساتھ دیا تو وہ جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے اپنے والد، بھائی اور بھابھی کی حمایت کا ذکر کیا، تاہم کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کی اہلیہ اور بیٹیاں ان کے ساتھ نہیں تھیں۔معمر رانا نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اپنی عزت برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور اس معاملے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے اپنے خاندان سے گہری محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یہ رشتہ ختم نہ ہو۔خلع کے کاغذات پر دستخط کرنے سے متعلق سوال پر اداکار نے دوبارہ وضاحت کی کہ انہوں نے عدالت میں کچھ دستاویزات پر دستخط ضرور کیے تھے، لیکن انہیں معلوم نہیں کہ وہ دراصل کس نوعیت کے کاغذات تھے۔معمر رانا نے اپنی اہلیہ اور بیٹیوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے خاندان سے تعلق ختم نہیں کرنا چاہتے اور چاہتے ہیں کہ معاملات بہتر ہوجائیں۔
اہلیہ سے علیحدگی نہیں چاہتا، معمر رانا نے طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی
واپس خبروں پر
Category:
تفریح