کراچی ( شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ سبینہ فاروق نے لپ فلر کروانے سے متعلق قیاس آرائیاں کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ہونٹوں کو خوب صورت بنانے کے لیے کوئی فلر نہیں کروایا۔اداکارہ نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی ایک اسٹوری پر متعدد افراد نے تبصرے کرتے ہوئے لپ فلر کروانے سے متعلق سوالات کیے تھے۔سبینہ فاروق کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص لپ فلر کرواتا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں، تاہم انہوں نے خود یہ عمل نہیں کروایا کیونکہ انہیں انجیکشن لگوانے سے خوف آتا ہے۔ ان کے مطابق بیماری یا کسی انفیکشن کی صورت میں بھی وہ انجیکشن لگوانے سے گریز کرتی ہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر انہیں انجیکشن سے ڈر نہ لگتا تو شاید وہ بھی اپنی ظاہری شکل میں ایک دو تبدیلیاں کروانے پر غور کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی ظاہری خوب صورتی کا خیال رکھنا چاہیے، اور اگر کوئی اپنی مرضی سے کوئی تبدیلی کرواتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ ہر شخص کو خوب صورت نظر آنے کا حق حاصل ہے۔