کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی فیشن ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک حادثے کے باعث وہ تقریباً ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم رہے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایچ ایس وائی نے بتایا کہ رمضان کے دنوں میں وہ دوست کے ہمراہ افطاری کا سامان لینے گئے تھے۔ واپسی پر گاڑی ان کا دوست چلا رہا تھا کہ اذان ہوگئی، انہوں نے کھانے کا بیگ کھولا تو اس میں سے نکلنے والی بھاپ کے باعث گاڑی کے اندر سب کچھ دھندلا ہوگیا۔ایچ ایس وائی کے مطابق جب تک ان کے دوست نے گاڑی کے شیشے صاف کیے، گاڑی سڑک سے اتر کر حادثے کا شکار ہوچکی تھی اور وہ ونڈ اسکرین سے جا ٹکرائے، جس کے نتیجے میں ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی چلی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اچانک بینائی سے محرومی نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کیا اور زندگی کو دیکھنے اور محسوس کرنے کا انداز بدل گیا۔ دیگر حواس پر ان کا انحصار بڑھ گیا، حتیٰ کہ وہ کئی کمروں کے فاصلے سے اپنی والدہ کے رونے کی آواز بھی سن لیتے تھے۔فیشن ڈیزائنر نے بتایا کہ تقریباً ایک سال تک بینائی متاثر رہنے کے بعد انہوں نے علاج کروایا، متعدد سرجریز ہوئیں اور بعدازاں ان کی بینائی واپس آگئی۔