لاہور ( سپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ایان بشپ نے سری لنکا کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کو سراہتے ہوئے انہیں ایک بہترین ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دیا ہے۔معاذ صداقت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران محض 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے، تاہم وہ اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سنچری مکمل کرنے سے صرف 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔ایان بشپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں نوجوان پاکستانی بلے باز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں کیریبیئن پریمیئر لیگ 2026ء میں جمیکا کنگز مین کی نمائندگی کرتے ہوئے معاذ صداقت کی صلاحیتیں دیکھ کر خوشی ہوئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ معاذ صداقت نے اپنی عمدہ فارم پاکستان کے لیے بھی برقرار رکھی ہے اور وہ ان کے روشن اور کامیاب مستقبل کے خواہاں ہیں۔ ایان بشپ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر انہیں ایک اچھا ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دیا۔واضح رہے کہ ’360 ڈگری بیٹر‘ ایسے بلے باز کو کہا جاتا ہے جو میدان کے مختلف حصوں میں مختلف انداز سے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے، جن میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔جواب میں سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رنز بنا پائی۔ یوں پاکستان نے یہ مقابلہ 82 رنز سے جیت کر تین میچوں کی سیریز میں صفر کے مقابلے میں دو فتوحات کے ساتھ فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
ایان بشپ معاذ صداقت کی بیٹنگ کے معترف، نوجوان بلے باز کو 360 ڈگری بیٹر قرار دے دیا
واپس خبروں پر
Category:
کھیل