لاہور( شو بز ڈیسک)پاکستانی اسٹیج کے معروف اداکار افتخار ٹھاکر نے اسٹیج سے وابستہ فنکاروں کو کام چھوڑ کر اپنی روحانی زندگی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔شوبز سے گزشتہ چار دہائیوں سے وابستہ افتخار ٹھاکر طویل عرصے تک پنجابی اسٹیج پر بھی کام کرتے رہے ہیں، تاہم اب وہ زیادہ تر ٹیلی وژن پر دکھائی دیتے ہیں۔اپنے طویل فنی سفر کے دوران انہوں نے اسٹیج فنکاروں کے عروج و زوال کے ساتھ مالی مشکلات اور دیگر مسائل بھی قریب سے دیکھے ہیں۔افتخار ٹھاکر کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو اسٹیج پر کام کرنا ترک کر دینا چاہیے، کیونکہ مذہب فحش اور نازیبا گفتگو کی اجازت نہیں دیتا جبکہ اسٹیج پر اس نوعیت کا مواد پیش کیا جا رہا ہے۔اداکار نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد بھی اس معاملے پر گفتگو کر چکے ہیں، اس لیے فنکاروں کو اسٹیج چھوڑ کر اپنی روحانی زندگی پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے فنکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی طرف رجوع کریں، کیونکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے دوری اختیار کرنے والا اللہ کی رحمت سے محروم ہو جاتا ہے اور پھر منافقینِ مکہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔