لاہور ( سپورٹس ڈیسک) ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی ٹوئنٹی) کے پانچویں سیزن کی پلیئرز نیلامی کی فہرست جاری کردی گئی، جس میں پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم، فخر زمان سمیت کئی معروف کرکٹرز شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کی نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں ہوگی، جس میں 23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز حصہ لیں گے۔کھلاڑیوں کو 80 ہزار، 40 ہزار اور 10 ہزار امریکی ڈالر کی بنیادی قیمت کے تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔80 ہزار ڈالر کے سب سے بڑے گروپ میں بابر اعظم کے علاوہ فل سالٹ، ٹام بینٹن، رحمان اللہ گرباز، وانندو ہسارنگا، فاف ڈو پلیسی، لیام لیونگ اسٹون، الزاری جوزف، فخر زمان، نسیم شاہ، معین علی، جونی بیئرسٹو، ایلیکس ہیلز اور کرس ووکس شامل ہیں۔40 ہزار ڈالر کے گروپ میں شاداب خان، ابراہیم زادران، جیڈن سیلز، تبریز شمسی، شرف الاسلام، کوشل پریرا اور گل بدین نائب سمیت دیگر نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔10 ہزار ڈالر کی کیٹیگری میں ریزا ہینڈرکس، مہدی حسن میراز، جارج منسی، ایش سودھی اور میتھیو پوٹس کو شامل کیا گیا ہے۔متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب کے تمام کھلاڑی 10 ہزار ڈالر کی بنیادی قیمت کے ساتھ نیلامی میں شامل ہوں گے۔ٹیموں کو یو اے ای کے کسی ایک سابق کھلاڑی پر رائٹ ٹو میچ کا اختیار بھی حاصل ہوگا، جبکہ ہر فرنچائز کیلئے کم از کم 18 اور زیادہ سے زیادہ 23 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ہر میچ کی پلیئنگ الیون میں کم از کم دو یو اے ای، دو افغان اور ایک مزید ایسوسی ایٹ ملک کا کھلاڑی شامل کرنا بھی ضروری ہوگا۔نیلامی کیلئے ہر ٹیم کو مختلف مالی وسائل مختص کیے گئے ہیں، جن میں ایم آئی ایمریٹس کے پاس سب سے بڑا پرس ہوگا۔