لاہور ( سپورٹس ڈیسک) جاپان کے خلاف تاریخی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں متنازع فیصلے کے بعد بھارتی کپتان شریاس ایئر اور آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو تنقید کا سامنا ہے۔بارش کے باعث میچ پانچ، پانچ اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 32 رنز بنائے، جبکہ ہدف کے تعاقب میں جاپان کو آخری چار گیندوں پر 6 رنز درکار تھے۔اکشر پٹیل کی گیند پر جاپانی بلے باز الیگزینڈر پیٹمور ریورس سوئپ کھیلنے میں ناکام رہے، جس پر امپائر نے وائیڈ قرار دیا۔ اکشر پٹیل نے فیصلے پر اعتراض کیا، جس کے بعد شریاس ایئر بھی امپائرز سے گفتگو کیلئے پہنچ گئے اور وائیڈ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔فیصلہ تبدیل ہونے کے بعد جاپان کو تین گیندوں پر 6 رنز درکار تھے، تاہم وہ ہدف حاصل نہ کرسکا اور بھارت نے 2 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔واقعے پر صحافیوں، مبصرین اور شائقین نے بھارتی کھلاڑیوں کے طرزِعمل پر سوالات اٹھائے، جبکہ بعض بھارتی شائقین نے بھی اس رویے پر تنقید کی۔