غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ ہفتے کے روز غزہ شہر کے شمال مشرقی علاقے طفح میں شہریوں کے ایک اجتماع پر کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب خان یونس کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں سے شدید گولہ باری کی گئی، جبکہ مشرقی غزہ شہر میں توپ خانے سے بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔یہ حملے غزہ میں 10 اکتوبر 2025ء سے نافذ جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کے دوران ہوئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید چار فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 1,493 فلسطینی شہید اور 5,299 زخمی ہوچکے ہیں۔