جڑانوالا (پاکستان خبر) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں لانگ مارچ کریں یا شارٹ مارچ، حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں، تاہم دہشت گردی کے خاتمے پر بھی بات ہونی چاہیے۔جڑانوالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو لانگ مارچ سے نہیں روکا، لیکن ضروری ہے کہ دہشت گردی جیسے اہم معاملے پر بھی گفتگو کی جائے۔ سیاست اپنی جگہ، تمام جماعتیں مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کریں۔طلال چوہدری نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) یا افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔ ان کے بقول دہشت گرد کسی بھی گروہ سے تعلق رکھتے ہوں، ان کی کارروائیوں کی مذمت ہونی چاہیے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیاسی جماعتوں پر حملے ہوئے ہیں، تاہم پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا اجتماع کو دہشت گردی کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی کا دفتر پاکستان میں کھولنے کی بات کی تھی۔وزیر مملکت نے مزید کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے گورنر راج کے خلاف اور پی ٹی آئی کے حق میں بیان جاری کیا تھا۔ ان کے مطابق گورنر راج کا مقصد صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہے، جبکہ دہشت گرد گروہوں کا ساتھ دینے والوں سے ریاستی ادارے نمٹیں گے۔
لانگ مارچ یا شارٹ مارچ پر اعتراض نہیں، دہشت گردی کے خاتمے پر بات کریں: طلال چوہدری
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان