کراچی (پاکستان خبر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کی ہوس نہیں رکھی اور وہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ اختیار کرکے اپنی حکومت گنوائی۔ ان کے مطابق ایک طرف معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانیں جاتی رہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کے دفاتر کھولنے کی بات کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سیاسی بحران کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کے بجائے پی ٹی آئی کو اپنے فیصلوں کا جائزہ لینا چاہیے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کے بجائے پی ٹی آئی نے صوبے کو محاذ آرائی کی سیاست میں الجھا رکھا ہے اور اب اسے اپنے اقدامات کے نتائج کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اصولی سیاست اور جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ اگر پارٹی اقتدار کی خواہش مند ہوتی تو وفاقی وزارتیں لے کر حکومت کا حصہ بن سکتی تھی۔سندھ کے سینئر وزیر نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت خود دہشت گردی کا نشانہ بنتی رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا دہشت گردی کے خلاف واضح مؤقف اپنائیں گے اور شہدا و متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔شرجیل میمن نے پاک فوج کے جوانوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملکی سلامتی کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور شہدا کی قربانیوں کو سیاسی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
پیپلز پارٹی اقتدار کی خواہش مند نہیں، مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے: شرجیل میمن
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان