تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام محاذوں پر لڑائی کا خاتمہ ضروری ہے، کیونکہ کسی ایک محاذ پر بھی جنگ جاری رہنے کا مطلب ہے کہ پورا خطہ بدستور جنگ کی لپیٹ میں ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ ایران اور امریکا کے درمیان جون میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں بھی شامل تھا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران اور لبنان پر حملے کرکے اسلام آباد مفاہمت کی خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر بھروسا نہیں کیا جاسکتا کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔ایرانی نائب وزیر خارجہ نے امریکا کی ایران کے خلاف جنگ کو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو سات روز کے اندر دوبارہ کھولنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔