لاہور ( سپورٹس ڈیسک)جاپان میں ایشین گیمز کے آغاز سے قبل رہائش کا سنگین مسئلہ پیدا ہوگیا، ایونٹ میں 17 ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایتھلیٹس کیلئے مخصوص ولیج نہ ہونے کے باعث رہائش کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہوٹلوں، عارضی لکڑی کے کیبنز اور کروز شپ کا انتظام کیا جارہا ہے۔جنوبی کوریا کی باسکٹ بال ٹیم نے چھوٹے اور غیر معیاری کیبنز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق 2 میٹر سے زیادہ قد رکھنے والے کھلاڑی بستروں پر ٹانگیں سیدھی نہیں کرسکتے۔جنوبی کوریائی باسکٹ بال کھلاڑیوں نے کیبنز میں رسنے والے سنک اور پانی سے بھیگے فرش کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔فلپائن نے رہائش کے بحران پر قابو پانے کیلئے آن لائن کرائے کی رہائش گاہوں سے استفادہ شروع کردیا ہے، جبکہ اٹلی کا کروز شپ ’’کوسٹا سیرینا‘‘ 4 سے 5 ہزار ایتھلیٹس کی میزبانی کرے گا۔ایشین گیمز میں باسکٹ بال اور فٹبال کے مقابلے شروع ہوچکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے شدید بارش کے باعث سیکڑوں ایتھلیٹس کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا تھا، جبکہ ناگویا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے