ممبئی( شو بز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے بھارت کی جین زی نسل کو ’’گٹر جنریشن‘‘ قرار دینے کے اپنے بیان پر ایک بار پھر وضاحت پیش کردی۔چند روز قبل طلبہ کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے نئی دہلی میں پیپر لیک کے معاملے پر احتجاج کیا گیا تھا، جس پر کنگنا رناوت نے جین زی کو ’’گٹر جنریشن‘‘ قرار دیا تھا۔ان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین اور شوبز کی معروف شخصیات نے شدید تنقید کی۔ تنقید کے بعد کنگنا نے جین زی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ نوجوان نسل باشعور ہے اور معاملات کو سمجھتی ہے۔تاہم اب کنگنا رناوت نے ایک بار پھر جین زی کو ’’گٹر جنریشن‘‘ سے جوڑ کر نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ جو لوگ خود کو ’’کاکروچ‘‘ کہتے ہیں اور ہم یہ کہتے ہیں کہ کاکروچ گٹروں سے نکلتے ہیں تو اس میں غلط کیا ہے؟کنگنا نے مزید کہا کہ وہ خود کو کاکروچ نہیں سمجھتیں۔ ان کے بقول اگر کوئی انہیں کہے کہ وہ گٹر میں رہتی ہیں تو وہ اس کی تردید کریں گی، لیکن اگر کوئی خود کو کاکروچ قرار دیتا ہے تو فطری طور پر وہ گٹر میں ہی رہے گا۔